ملتان: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا ہوچکی، دنیا کب جاگے گی، بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر سے فوری کرفیو اٹھائے، نہتے لوگوں پر پیلٹ گن کا استعمال بند کیا جائے، مودی سن لے، صبر کا پیمانہ لبریز ہونے والا ہے۔
ملتان میں دربار بہاؤ الدین زکریا ملتانی کے عرس کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں اور پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے نہ جانے امت مسلمہ کب جاگے گی، کرفیو کو 62 دن سے زائد ہو گئے، مریضوں کو ایمبولینس نہیں مل رہیں، مریض ہسپتالوں میں جانے سے پہلے ہی مر رہے ہیں اور بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک کر جھوٹ بول رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اب دنیا بھر میں بھارت کے دھوکے کو بے نقاب کریں گے، قوم ساتھ دے تو کشمیر جلد آزاد ہو گا، بھارت کشمیر میں تالا بندی ختم کر کے کشمیریوں کو حق دے، پاکستان میں کسی مندر، چرچ پر پابندی نہیں تو ہماری مساجد کو مقبوضہ کشمیر میں کیوں بند کیا گیا ہے، امت مسلمہ مساجد کو کھلوانے میں ہی کردار ادا کر دیں، لوگوں کو عید کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی، جمعہ کی نماز کی ادائیگی بھی نہیں کرنے دی جا رہی۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکی سینیٹر جو مقبوضہ کشمیر جانا چاہتے تھے انہیں بھارتی حکومت نے نہیں جانے دیا لیکن ہم نے انہیں کہا آزاد کشمیر کے کسی بھی کونے میں جانا چاہیں آزاد ہیں، دنیا بھر سے کوئی بھی آنا چاہے اسے خوش آمدید کہیں گے، وہ پاکستان آئیں پھر مقبوضہ کشمیر کے حالات کا تقابلی جائزہ لے جس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، 54 سالوں کے بعد کشمیر کا معاملہ سلامتی کونسل میں آیا ہے۔