فواد چودھری کا 400 محکمے ختم کرنے کا بیان درست نہیں: کابینہ ڈویژن

Last Updated On 17 October,2019 03:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ ڈویژن نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر فواد چودھری کی جانب سے 400 سرکاری محکمے ختم کرنے کا بیان درست نہیں، صرف پانچ سرکاری ادارے ختم کیے جا رہے ہیں۔

کابینہ ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارہ متروکہ املاک، نیشنل ٹیلنٹ پول، نیشنل کونسل فار سوشل ویلفیئر، نیشنل کنسٹرکشن کمپنی اور جے اینڈ کے اسٹیٹ پراپرٹی کا ادارہ ختم کرنے کی تجویز ہے، ان اداروں کی کارکردگی مایوس کن ہے، اس لیے ان اداروں کو برقرار رکھنے کا کوئی جواز نہیں رہا، 45 ادارے سرمایہ پاکستان کمپنی کے سپرد کرنے، 43 کو ضم کرنے اور 12 کو آزاد اداروں میں تبدیل کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ 219 اداروں کو خود مختار بنانے، 82 کو ایگزیکٹیو محکموں میں بدلنے اور 19 کو صوبوں، گلگت بلتستان اور اسلام آباد ٹریٹری کے سپرد کرنے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔ اس مقصد کے لیے وفاقی حکومت نے 11 رکنی کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔
 

Advertisement