بھارتی پرواز کو پاکستانی ایف 16 طیاروں نے گھیرے میں لیا

Last Updated On 18 October,2019 09:38 am

نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارتی نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران گزشتہ ماہ پاکستانی ایف 16 طیاروں نے کابل جانیوالی بھارتی پرواز کو ایک گھنٹے تک اپنی فضائی حدود میں روکے رکھا۔

بھارتی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ 23 ستمبر کو پیش آیا، جس طیارے کا گھیراؤ کیا گیا، اس نے دہلی سے کابل کیلئے اڑان بھری تھی، اس پر 120 مسافر سوار تھے۔ سپائس جیٹ کے کپتان نے ایف 16 طیاروں کے پائلٹوں سے کہا کہ یہ سپائس جیٹ بھارتی کمرشل طیارہ ہے جو شیڈول کے مطابق مسافروں کو لے کر کابل جا رہا ہے۔

پاکستانی طیاروں اور ان کے پائلٹوں کو مسافر صاف دیکھ سکتے تھے۔ ایک مسافر نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ پاکستانی فائٹر پائلٹ نے ہاتھ سے سپائس جیٹ کے کپتان کو نیچی پرواز کا اشارہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ہر فلائٹ کا کوڈ ہوتا ہے، جیسے سپائس جیٹ کا  سی جی  ہے۔ ایئر ٹریفک کنٹرول نے غلط فہمی میں سپائس جیٹ کو آئی اے  خیال کرتے ہوئے اسے انڈین آرمی یا بھارتی ایئر فورس سمجھا تھا۔

جب پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرول نے رپورٹ دی کہ  آئی اے  کوڈ کیساتھ بھارت سے طیارہ آ رہا ہے، اس پر بھارتی طیارے کو روکنے کیلئے فوری طور پر ایف 16 روانہ ہوئے۔ کنفیوژن دور ہونے پر ایف 16 طیاروں نے بحفاظت سپائس جیٹ افغانستان کی فضائی حدود تک پہنچا دیا۔ مسافروں نے بتایا کہ جب وقت ایف 16 طیارے ان کی پرواز کے گرد اڑ رہے تھے، تمام مسافروں کو کھڑکیاں بند کرنے اور خاموش رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔