لاہور: (دنیا نیوز) شہدائے کربلا کا چہلم آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، لاہور اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی جبکہ لاہور میں جلوس کے راستوں پر موبائل سروس بھی بند رہے گی۔
لاہور میں چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس داتاعلیؒ ہجویری کے آخری روز کے سبب سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں، لاہور چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے شروع ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔ شرکائے جلوس کو تین درجاتی سکیورٹی حفاظتی حصار کے ذریعے جسمانی تلاشی کے بعد ہی داخلے کی اجازت ہو گی، چیکنگ کے لئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرک بیرئیرز سے مدد لی جائے گی۔
لاہور میں مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد پولیس افسران وجوان فرائض سر انجام دیں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق چہلم حضرت امام حسین ؓ کے مرکزی جلوس پر 07 ایس پیز، 23 ڈی ایس پیز، 73 انسپکٹرز اور417 اَپر سب آرڈینیٹس تعینات ہوں گے۔ عرس داتا علی ہجویری پر 3 ایس پیز، 10 ڈی ایس پیز، 28 انسپکٹرز اور 2 ہزار سے زائد جوان تعینات ہیں۔ مرکزی جلوس کی سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جائیگی جبکہ ڈبل سواری پر پابندی ہے، جلوس کی فضائی نگرانی اور روف ٹاپ سکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ پی آر یو ٹیمیں بھی موثرپٹرولنگ یقینی بنائیں گی۔
لاہور اور اسلام آباد کی طرح کراچی، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں چہلم امام حسین کے موقع پر ہزاروں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جن میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔ اس حوالے سے ملک بھر میں سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔