مریم اورنگزیب نے حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا

Last Updated On 20 October,2019 02:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آزادی مارچ کے معاملے پر مسلم لیگ ن بھی ڈٹ گئی، مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا، کہتی ہیں کہ ‎کوئی دھمکی، گالی اور دھونس اپوزیشن کو نااہل وزیراعظم کے استعفی کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔

اپنے بیان میں مرکزی ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎نااہل وزیرعظم اور ان کی نالائق کابینہ استعفی دے، آپ کے بھاگنے کا وقت ہوا چاہتا نالائق اور نااہل وزیراعظم سیاسی، معاشی اور قومی امور سنبھالے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ‎نالائق حکمرانوں کی وجہ سے ملک میں انتشار اور افراتفری پھیل رہی ہے، وزیراعظم اور وزراء کے بیانات سے لگ رہا ہے کہ دھرنا حکومت دینے والی ہے اور آج بھی کنٹینر پہ ہے۔

انہوں نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ جو آپ سے این آر او مانگ رہے تھے، چور تھے، ڈاکو تھے، ڈیل اور ڈھیل مانگ رے تھے، آج آپ اُن سے کیوں مذاکرات کیوں کررہے ہیں۔ ملک میں 13 فیصد مہنگائی، ترقی کی شرح 5.8 فیصد سے 2.4 فیصد پر لانے کے خلاف احتجاج ہوگا، ملک میں روٹی، روزگار، صنعت، کاروبار، صحت اور ہسپتال بند کرنے کے خلاف احتجاج ہوگا۔ حکمران ‎پارلیمان کو تالا، سیاسی مخالفین و میڈیا کی آوازیں بند کرکے اپنی جھوٹی، نااہل اور نالائق حکومت کو طول نہیں دے سکتے۔