لاہور: (دنیا نیوز) شریف برادران کی ملاقات نیب کے دفتر میں ہوئی جس میں اپوزیشن لیڈر نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات پر اعتماد میں لیا اور آزادی مارچ کے حوالے سے اہم فیصلوں کی منظوری حاصل کی۔
شہباز شریف نے نواز شریف کو جے یو آئی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کے درمیان طے پانے والے معاملات سے بھی آگاہ کیا جبکہ آزدی مارچ میں مسلم لیگ ن کس اندازسے شرکت کرے گی؟ اس حوالے سے نواز شریف کو بریف کرکے منظوری حاصل کی گئی۔
ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق ملاقات میں محمد نوازشریف کے حوصلے بلند تھے۔ شہباز شریف کی جانب سے 27 اکتوبر کو ملک گیر سطح پر یوم سیاہ منانے کے فیصلے کی تائید حاصل کی گئی۔
نواز شریف نے 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کی ہدایت کی۔ سابق وزیراعظم کا ملاقات میں پارٹی رہنماؤں کے نام پیغام میں کہنا تھا کہ تمام قائدین، رہنما اور کارکن مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔