فیصل آباد: ( روزنامہ دنیا) اینٹی کرپشن حکام نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت عابد شیر علی کے بہنوئی قیصر ادریس کے قبضے سے محکمہ جنگلات کی 7 کنال 19 مرلے اراضی واگزار کروا لی۔ سرکاری اراضی پر ناجائز تعمیر فارم ہاؤس اور ڈیرہ گرا دیا گیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق عابد شیر علی کے بہنوئی قیصر ادریس نے گزشتہ کئی سال سے تحصیل سمندری کے نواحی گاؤں چک نمبر 46 گ ب میں محکمہ جنگلات کی اراضی پر قبضہ کر کے فارم ہاؤس بنا رکھا تھا جہاں پر عابد شیرعلی بھی وقتاً فوقتا جاتے اور ن لیگ کے دور میں اپنے اثر و رسوخ سے یہاں پر پختہ سڑک بھی تعمیر کروارکھی تھی جس کی خفیہ اطلاع موصول ہونے پر سرکل افسراینٹی کرپشن شیخ ناصر عباس نے انکوائری کی اور محکمہ جنگلات و ضلعی انتظامیہ سے ریکارڈ منگوا کر تحقیقات کیں تو قبضے کی تصدیق ہوگئی۔
مقبوضہ اراضی کی نشاندہی ہونے پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عمران رضا عباس کی ہدایات پر سرکل افسر اینٹی کرپشن شیخ ناصر عباس نے اسسٹنٹ کمشنر سمندری فیصل سلطان اور ترکھانی پولیس کی بھاری نفری نے کارروائی کرتے ہوئے سرکاری اراضی پر قائم کی گئی ناجائز تعمیرات کو بھاری مشینری کے ساتھ مسمار کر دیا اور تمام اراضی واگزار کروا کر محکمہ جنگلات کے حوالے کر دی گئی اس موقع پر دیہاتیوں کی کثیر تعداد بھی ڈیرے پر کارروائی کا جائزہ لیتی رہی۔
مزاحمت سے بچنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری وہاں تعینات کی گئی تھی ۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اراضی واگزار کروا کر متعلقہ محکمے کے حوالے کردی گئی ہے تاہم قبضہ کرنے پر ملوث عناصر کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔