شہباز کی مارچ میں عدم دلچسپی حکومت کیلئے تقویت: تھنک ٹینک

Last Updated On 19 October,2019 08:52 am

لاہور: (دنیا نیوز) معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ حکومت کو چاہے نااہلوں کا ٹولہ کہیں لیکن ان کو شہباز شریف کے سوکھے ہونٹوں سے تقویت ملی ہوگی کیونکہ آج مولانا فضل الرحمن کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف کے چہرے پر مسکان نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔

دنیا نیوز کے پروگرام  تھنک ٹینک  میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز امیر نے کہا کہ شہباز شریف کو کھینچ کھینچ کر میلے میں لایا جا رہا ہے، اس مارچ میں ان کا کوئی دل نہیں، مولانا فضل الرحمن نے سماں باندھ دیا ہے۔

سیاسی تجزیہ کار، روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ ن لیگ نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ 31 اکتوبر کو فضل الرحمن کے احتجاجی مارچ میں شریک ہو گی، اب دیکھنا یہ ہے کہ 31 اکتوبر کو جلسے کے بعد شہباز شریف کیا اعلان کرتے ہیں اور کیا ہوتا ہے؟۔

ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ابھی دھرنے میں شامل ہونے یا نہ ہونے کے اپنے آپشن کو کھلا رکھا ہے۔ یہ دانشمندی ہے کیونکہ وہ مولانا فضل الرحمن کی ایک چھوٹی پارٹی کے تانگے میں بیٹھ کر اپنے آپ کو محدود نہیں کرسکتی۔ مولانا کے سٹیک کچھ اور ہیں۔

تجزیہ کار، اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا کہ شہباز شریف ایک عملیت پسند سیاستدان ہیں وہ صحیح خطوط پر سیاست کر رہے ہیں، مولانا کے کہنے پر وہ پارٹی کا بیڑہ غرق نہیں کریں گے۔