راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو فوری عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔ ملک انارکی کی طرف جا رہا ہے۔ انہوں نے آصف زرداری کو طبی سہولیات دینے اور ہسپتال منتقل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، سابق صدر کی صحت پر پیپلز پارٹی اور خاندان کو تشویش ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ آصف زرداری کو استعمال کرکے خاندان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ ملزم اور کیس سندھ کا ہے لیکن اس کی انکوائری راولپنڈی میں ہو رہی ہے۔ ہم انسانی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں، امید ہے عدالتی نظام انصاف ضرور دلوائے گا۔ صدر زرداری بیمار ضرور لیکن حوصلہ بلند ہے، وہ ہر ظلم برداشت کرنے کیلئے تیار ہیں۔
ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کو اخلاقی سپورٹ کرتے ہیں۔ ان کیساتھ ایک بات پر اتفاق ہے کہ عمران خان کو جانا پڑے گا۔ اگر مولانا کو احتجاج کے آئینی حق سے روکا گیا تو پیپلز پارٹی اپنے لائحہ عمل پر غور کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی زندگی مہنگائی سے تنگ ہو گئی ہے۔ کوئی ایک سیاسی جماعت عوامی مسائل حل نہیں کر سکتی۔ اپوزیشن جماعتوں کو پیغام دیتا ہوں کہ ہم ایسے کارڈز کھیلیں جس سے تھرڈ پارٹی کو آنے کا موقع نہ ملے کیونکہ ٹوٹی پھوٹی جمہوریت بھی آمریت سے بہتر ہوتی ہے۔