اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) سے متعلق تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کے لئے مشاورتی اور جائزہ کمیٹی قائم کر دی گئی۔
چھ رکنی مشاورتی کمیٹی میں افتخار علی ملک، دارو خان اچکزئی، عاطف باجوہ، انجم نثار، سکندر مصطفیٰ اور جمیل یوسف شامل ہیں۔ بزنس کمیونٹی کمیٹی کی حیثیت صرف مشاورتی ہوگی۔
کمیٹی نیب کے قانونی اختیارات پر قدغن نہیں لگا سکے گی۔ مشاورتی کمیٹی کی سفارشات پر غور کیلئے نیب کی تین رکنی اعلیٰ سطح کمیٹی بنائی گئی ہے۔
جائزہ کمیٹی ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اور ڈی جی آپریشنز پر مشتمل ہوگی۔ جائزہ کمیٹی اپنی حتمی سفارشات چیئرمین نیب کو پیش کرے گی۔