لاہور: (دنیا نیوز) سوشل میڈیا سٹار حریم شاہ نے وزارت خارجہ کے دفتر میں ویڈیو بنا کر سیکیورٹی پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔ سوشل میڈیا سٹار حریم شاہ کے خلاف سنگین دفعات کا مقدمہ درج کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ اس کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایک سوشل میڈیا سٹار کی اعلیٰ سرکاری دفتر میں رسائی قابل مذمت ہے۔ حریم شاہ نے انکشاف کیا کہ وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملنے گئی تھیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حریم شاہ نے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر حکومت کی ترجیحات کا بھی پول کھول دیا ہے۔ سوشل میڈیا سٹار حریم شاہ کی وزارت خارجہ کے دفتر میں داخلے کی تحقیقات، اس کیخلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ اور اس کو دفتر خارجہ میں تک رسائی دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ گزشتہ دنوں اپنی ویڈیو اور تصاویر بنانے کیلئے وزارت خارجہ کے اہم دفتر میں داخل ہو گئی تھیں۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو منظر عام پر افسران کی دوڑیں لگ گئیں کہ وہ کیسے وزارت خارجہ کی عمارت میں داخل ہوئی؟
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا سٹار حریم شاہ وزارت خارجہ کی عمارت میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حلقے کے ملاقاتیوں کے ساتھ داخل ہوئیں۔ حریم شاہ نے حلقے کے ملاقاتیوں کے لئے مختص کمرے کے ساتھ اندرونی ملحقہ روم کی طرف کھلنے والے دروازے کو استعمال کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا معمول ہے کہ ہر چند دن بعد حلقے کے عوام سے وزارت خارجہ میں ملاقات کرتے ہیں۔ وزارت خارجہ کے “کانسٹیچوُئنسی روم” کی انٹری الگ سے ہے، انہیں استقبالیہ پر جانا نہیں پڑتا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے حلقے کے افراد کے ساتھ وزارت خارجہ آمد کا ریکارڈ مل گیا، حلقے کے ملاقاتیوں کے حریم شاہ کی آمد کے دن رسائی دینے والے اہلکار کی شناخت کر لی گئی ہے۔