آزادی مارچ: جے یو آئی نے کارکنوں کیلئے ماسٹر پلان ترتیب دے دیا

Last Updated On 25 October,2019 08:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عہدیداروں کو ایک ایک کرین لیکر آنے کے احکامات، وائی فائی، ٹیلی فون اور حکومتی اقدامات سے بچنے کے لیے اضافی نمک اور پانی ساتھ لے کر چلنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) نے حکومت مخالف احتجاج کی حکمت عملی فائنل کر لی ہے۔ ضلع عہدیداروں کو ممکنہ رکاوٹیں ہٹانے کے لیے لمبی فہرست پر مبنی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

جے یو آئی قیادت کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ عہدیدار اپنے ہمراہ ایک ایک کرین لیکر آئیں، سوشل میڈیا پر مارچ کی مسلسل کوریج جاری رہے، راستے میں آنے والے مراکز اور مدارس کو ٹیلی فون اور وائی فائی کا بھرپور انتظام کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

جے یو آئی ف کی قیادت نے کارکنوں کو حکم دیا ہے کہ ایمبولینس، دو ڈاکٹرز اور فرسٹ ایڈ کا انتظام کر لیں۔ حکومتی اقدامات سے بچنے کے لیے اضافی نمک اور پانی اپنے ہمراہ رکھیں۔ موسم کی مناسبت سے خشک میوہ جات ، ایک کمبل اور دو جوڑے کپڑے بھی اپنے ساتھ لے کر چلیں۔

کسی بھی جارحیت کی صورت میں کارکنوں کو رکاوٹیں عبور کرکے اسلام آباد پہنچے کی ہدایت جبکہ قافلوں میں شامل گاڑیوں پر پارٹی اور قومی پرچم آویزاں کرنے کے بھی احکامات صادر کر دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب آزادی مارچ سے قبل ہی جے یو آئی (ف) کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے آزادی مارچ کیلئے گاڑیاں دینے سے انکار کر دیا ہے۔ معاملے کے حل کے لیے جے یو آئی سندھ کے رہنما راشد سومرو نے وزیراعلیٰ سندھ کو خط میں تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔