ملک میں طبی سہولیات موجود نہیں تو نواز شریف کو باہر بھیجنا چاہیے، خالد مقبول صدیقی

Last Updated On 25 October,2019 06:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹٰیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت کی صورتحال سنگین ہے، اگر ملک میں سہولیات موجود نہیں تو انھیں ملک سے باہر بھیجنا چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک کے سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے سب دعاگو ہیں، ان کو صحت کی سب سہولیات ملنی چاہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دھرنا احتجاج اور مارچ سب کا آئینی حق ہے۔ دھرنے والوں کو سہولت میسر کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ڈی چوک آتے وقت عدالتوں کے فیصلوں کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کشمیر کا ایشو اپنی کامیابی سے جتنا قریب ہے، اتنا پہلے کبھی نہ تھا۔ اس تحریک کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اگر کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے نہیں ہوں گے تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے کشمیر کی اس لہو رنگ داستان کو دنیا تک پہنچانا ہے۔