اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمیعت علمائے اسلام کے ممکنہ آزادی مارچ کو روکنے کیلئے حکومت نے تیاری کرلی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کنٹینر کی پکڑ دھکڑ کی گئی، موٹر وے اور جی ٹی روڈ پر کئی مقامات کو بند کرنے کیلئے بھی کنٹینر پہنچا دئیے گئے۔
دنیا نیوز کے مطابق آزادی مارچ روکنے کیلئے حکومت ایکشن میں آ گئی، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں کے داخلی اور خارجی راستے بند کرنا شروع کر دیئے، پولیس نے مختلف شہروں سے کنٹینرز بھی پکڑلئے،
اسلام آباد میں انتظامیہ نے ریڈ زون سیل کرنا شروع کردیا، ڈی چوک کے اطراف کنٹینرز کے دو حصار قائم کر دیئے گئے، پہلے حصار میں مٹی سے بھرے اور دوسرے حصارمیں خالی کنٹینرز لگائے گئے ہیں،
لاہور میں مارچ روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے حکمت عملی تیار کرلی، جے یو آئی سمیت اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں کی لسٹیں بھی تیار کرلی گئیں۔
فیصل آباد میں بھی اپوزیشن جماعتوں کو دھرنے میں شرکت سے روکنے کیلئے پولیس متحرک ہے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے ساہیانوالہ، ڈپٹی والا اور کمال پور انٹر چینج پر درجنوں کنٹینرز پہنچا دیے، جہلم اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت مختلف شہروں میں بھی کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔
پولیس نے گوجرانوالہ، کاہنہ، رحیم یار خان، بہاولپور، جہانیاں، بھکر اور خانیوال سمیت مختلف شہروں سے بھی کنٹینرز پکڑ لئے ہیں، ڈرائیورز سڑکوں پر ہی سونے پر مجبور ہیں۔
کنٹینر مالکان کا کہنا ہے کہ پولیس نے زبردستی ان کے کنٹینررو ک لئے جس سے ان میں موجود مال خراب ہونے کا خدشہ ہے