اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو زرداری کے الزامات کے جواب میں ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی ابھی تک لاڑکانہ کی شکست کے زخم چاٹ رہے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ وہ ابھی تک اس صدمے سے باہر نہیں آئے، یہ بہکی بہکی باتیں اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ شدید صدمے میں ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ انہیں پتا چل گیا ہے کہ اب سندھ سے بھی پیپلز پارٹی کا بوریا بستر گول ہے کیونکہ عوام انہیں مسترد کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اگر بیمار ہیں تو حکومت کا کیا قصور؟
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس دینے والوں کے پیسے سے ان کا علاج کروا رہی ہے۔ کرپشن کے الزامات میں گرفتار افراد کا علاج بھی قوم کا نقصان ہے۔ قوم کا نقصان کرنے والے تاریخ کے بھی مجرم رہیں گے۔