اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی کے معاملے پر دوبارہ اپوزیشن سے مشاوت کا فیصلہ کر لیا۔
الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی کے معاملے پر مشاورتی اجلاس ہوا جس میں چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی، سیکرٹری قانون، سیکرٹری پارلیمانی امور اور قانونی ماہرین نے شرکت کی۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ معاملے کو قانون اور آئین کے مطابق حل کیا جائے گا۔ عدلیہ اور قانون کا احترام کرتے ہیں۔ اجلاس میں معاملے کو افہام وتفہیم سے حل کرنے کے لئے اپوزیشن سے مشاورت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ اجلاس میں اٹارنی جنرل اور قانونی ماہرین سے رائے مانگ لی گئی ہے۔