مونٹریال: (دنیا مانیٹرنگ) عالمی ادارے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو فضائی حدود کے استعمال سے روکنے پر پاکستان کیخلاف بھارتی درخواست مسترد کر دی۔
ترجمان انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے مطابق عالمی شہری ہوا بازی معاہدے کی دفعات کا اطلاق صرف سویلین طیاروں پر ہوتا ہے، فوجی یا ریاستی طیاروں پر نہیں۔
عالمی ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ فلائٹس جن پر قومی رہنما سفر کر رہے ہوں، انہیں ریاستی طیارے تصور کیا جاتا ہے، اس لئے تنظیم کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے 28 اکتوبر کو وزیراعظم مودی کے طیارے کیلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی، جو ایک عالمی بزنس کانفرنس میں شرکت کیلئے سعودی عرب جانا چاہتے تھے۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے یوم سیاہ اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے پیش نظر بھارتی درخواست مسترد کر دی تھی۔