اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کے علاج کے لیے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ بٹھانے کا مطالبہ کر دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی نے آصف زرداری کی صحت کو لاحق خطرات کی وجہ سے حکام کو پرائیویٹ بورڈ کے لیے درخواست دیدی ہے، پی پی نے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ کا مطالبہ سرکاری ڈاکٹرز کی بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں کیا۔
پارٹی کی جانب سے دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ڈاکٹرز کے بورڈ نے رپورٹ آصف زرداری کی صحت کو لاحق سنجیدہ مسائل کی نشاندہی کی جس پر پارٹی کا کہنا ہے کہ خاندان کے اطمینان کیلئے پرائیویٹ ڈاکٹرز اور ماہرین کا بورڈ بنایا جائے۔
پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کے بنائے بورڈ نے آصف زرداری کی صحت کے حوالے سے خطرے کا اظہار کر دیا ہے، سرکاری بورڈ کے مطابق صدر زرداری کی شریانوں میں خون کا جمنا ان کی زندگی کیلئے خطرناک ہے، آصف زرداری کی شگر لیول بھی خطرناک حد تک اوپر نیچے ہو رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے مطابق شگر لیول کا کنٹرول نہ ہونا سابق صدر اور پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری کی زندگی کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، سرکاری بورڈ نے جیل میں ہڈیوں کی بیماری وجہ سے مناسب بستر نہ ملنے سے پیدا مسائل کا بھی ذکر کیا ہے، آرتھو بیرنگ نہ ملنے کی وجہ سے زرداری کی کمر کا دیرینہ مرض شدت اختیار کر گیا ہے۔
پارٹی کے مطابق سرکاری بورڈ نے نیورولاجسٹ کی مدد لینے کو بھی کہا تاکہ غیر معمولی جھٹکوں کا بھی علاج ممکن ہو سکے، علاج معالجے کی مناسب سہولت ہر شخص آیا قیدی کا بنیادی حق ہے، قانون ہر شخص اور قیدی کے علاج معالجے کی ضمانت دیتا ہے، آصف زرداری کے علاج کا مطالبہ کوئی رعایت نہیں بلکہ قانونی حق ہے۔