اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف زرداری کو جیل میں اے سی کی فراہمی طبی ماہرین کی رائے سے مشروط کر دی گئی۔ احتساب عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے درخواست پر سماعت کی۔ آصف زاردری کے وکیل نے دلائل دیے کہ ان کے موکل دل کے مریض ہیں، انہیں سات سٹنٹ ڈلے ہوئے ہیں۔ عدالتی حکم کے باوجود انھیں اے سی کی سہولت نہیں دی گئی۔
نمائندہ جیل عدیل نے دلائل دیے کہ نواز شریف کو میڈیکل گراؤنڈز پر اے سی کی سہولت فراہم کی گئی تھی جس پر جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ اسے چھوڑ دیں، ہر کیس ایک نوعیت کا نہیں ہوتا، قانون جب اجازت دیتا ہے تو اے سی کیوں نہیں دے رہے؟ قانون کوئی ڈیکوریشن پیس نہیں کہ سجا کے رکھ دیا جائے، روایات پر نہیں بلکہ قانون پر عمل کریں۔
عدالت نے نمائندہ جیل سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹر کلاس کے ملزم کو اے سی کی سہولت دی جاتی ہے تو کیوں نہیں دے رہے؟ جج محمد بشیر نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور بعد میں سناتے ہوئے سابق صدر کو اے سی کے لئے میڈیکل آفسر سے رابطے کی ہدایت کی اور قرار دیا کہ اگر میڈیکل آفیسر اے سی تجویر کریں تو زرداری کو جیل میں اس سہولت کی اجازت دے دی جائے۔