پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بادلوں نے بسیرا کر لیا

Last Updated On 01 November,2019 04:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں بارش ہوئی جبکہ مزید بادل برسنے کا بھی امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں بارش اورگرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ موسم کا حال بتانے والوں نے پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گھٹائیں چھا گئیں جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بارش مزید بارش بھی متوقع ہے۔ مری اور گلیات گہرے سیاہ بادلوں کی لپیٹ میں ہیں جہاں ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی۔ خنکی اور سردی بڑھ گئی۔ گلیات کے بالائی چوٹیوں پر برفباری کا امکان ہے۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آنے والے 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود، آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور بارش بھی ہو سکتی ہے۔

زیریں خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور پنجاب میں بھی چند مقامات پر بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں اکثر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم سرد رہا۔ ملتان، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، بہاولپور، جیکب آباد، بارکھان، سبی، قلات، زیارت، کوئٹہ، سکھر، دادو اور بنوں میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔