ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا: محکمہ موسمیات

Last Updated On 31 October,2019 09:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں سرد رہے گا۔ تاہم سندھ اور بلوچستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔

زیریں خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب، خیبر پختونخواہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

ادھر لاہور میں سموگ میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ آج ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد رہا ، درجہ حرارت کم سے کم 19 جبکہ زیادہ سے زیادہ 32 ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور بارش کے کوئی امکان نہیں ہے۔ سموگ کی وجہ سے لاہور کی فضا آج بھی غیر صحت بخش رہی۔ شہر کا ائیر انڈیکس 406 تک تجاوز کر گیا۔ دن بھر ہوا 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی رہی۔ ائیر انڈیکس مزید دو روز 400 سے ذائد ریکارڈ کیا جائے گا۔