لاہور: (دنیا نیوز) سردی نے دستک دے دی، ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، کراچی، لاہور، پشاورسمیت مختلف شہروں میں بادل برسے، بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہوگی۔
لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بادلوں نے خوب رنگ جمایا، مختلف شہروں میں ژالہ باری نے سردی کی آمد کا پیغام بھی دے دیا۔ گجرات، وزیرآباد، سانگلہ ہل، پتوکی، مظفر گڑھ اور کوٹ چھٹہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ 24 گھنٹے جاری رہ سکتا ہے۔
صدر، قائد آباد، ایف بی ایریا، ناظم آباد سمیت کراچی کے دیگر علاقوں میں رات گئے موسلادھار بارش ہوئی، بادل برستے ہی کے الیکٹرک بھی فیل ہو گیا جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ تین روز جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، شورکوٹ، بہاولنگر میں موسلادھار بارش ہوئی۔ ننکانہ صاحب، سکھیکی، دینہ، جہلم، پھالیہ اور راجن پور میں بھی بارش نے موسم کو تبدیل کر دیا۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی چاپ بھی سنائی دینے لگی، سرگودھا، قصور، منڈی بہاؤالدین، جلالپور بھٹیاں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔
پشاور شہر میں بھی بادل برسے جس کے بعد خنکی بڑھ گئی، ڈیرہ اسماعیل خان میں ہلکی بارش جبکہ میر انشاہ میں تیز بارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ نواب شاہ اور سیہون سمیت سندھ کے بعض علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ میرپورشہر اور گردونواح میں طوفانی ہوائیں چلیں جس کے باعث میرپور یونیورسٹی آف سائنس ٹیکنالوجی میں تعلیمی سرگرمیوں کے لئے لگائے گئے ٹینٹ اکھڑ گئے۔
آئندہ چوبیس گھنٹے میں موسم کی یہی صورتحال برقرار رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے اپر سندھ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔