اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں اپوزیشن کو کبھی این آر او نہیں دیں گے، اگر این آر او دیا تو ملک سے غداری ہو گی، یہ لوگ صرف تین الفاظ سننا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر صاف صاف کہہ دیا، نو این آر او، نو کمپرومائز، اپنے سوشل میڈیا پیغام میں وزیراعظم نے اپوزیشن پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا جب تک ان کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے ملک ترقی کی راہ پر نہیں آ سکتا۔ ان کو کبھی این ار او نہیں دونگا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا این آر او دینے کا مطلب ملک سے غداری ہوگا۔ یہ لوگ صرف تین الفاظ سننا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کا تازہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب جے یو آئی (ف) کے سربراہ اسلام آباد کے علاقے پشاور موڑ پر دیا گیا دھرنا ڈی چوک منتقل کرنے پر غور کر رہے ہیں،جس کی منظوری متحدہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔
دوسری جانب حکومت کا کہنا ہے کہ پشاور موڑ سے دھرنے کی ڈی چوک منتقلی مولانا فضل الرحمن کے حکومت سے کئے گئے معاہدے کی خلاف ورزی ہو گی، ایسے میں حکومت قانون کی عملداری یقینی بنائے گی۔