حکومتی کمیٹی کا وزیراعظم سے رابطہ، مولانا فضل الرحمان کے مطالبات سے آگاہ کیا

Last Updated On 01 November,2019 08:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے قائم حکومتی کمیٹی نے وزیراعظم عمران خان سے رابطہ کرکے انھیں مولانا فضل الرحمان کے مطالبات سے آگاہ کیا ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ پرویز خٹک نے دوران اجلاس ہی وزیراعظم عمران خان سے رابطہ اور انھیں مولانا فضل الرحمان کے مطالبات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں مولانا فضل الرحمان کے خطاب کے نکات کا جائزہ لیا گیا۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے وزیراعظم کے استعفی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر کوئی بات نہیں ہوگی۔

اجلاس کے بعد پرویز خٹک کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اگر کوئی غلط کام کرے گا تو ائین وقانون اور عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہوگی۔ رہبر کمیٹی سے معاہدہ کے مطابق 2 روز تک کوئی رابطہ نہیں ہوگا۔ اگر ضرورت محسوس ہوگی تو مذاکرات کریں گے۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ امید ہے مولانا ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک وقوم کا نقصان ہو۔ جو معاہدہ کی خلاف ورزی کرے گا، اس کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاہدہ کی پاسداری کرتے ہوئے ان کے راستے نہیں روکے۔ پورا پاکستان دیکھ رہا ہے کہ کون معاہدے کی پاسدرای کر رہا ہے اور کون توڑ رہا ہے۔ ہمارے سامنے رہبر کمیٹی نے کبھی وزیراعظم کے استعفے کی بات نہیں کی۔ وزیراعظم تمام تر صورتحال کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔ جو فیصلہ حکومت کا ہوگا سب کے سامنے آ جائے گا۔

حکومتی کمیٹی کے سربراہ نے بتایا کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان سے نہیں اکرم درانی سے رابطہ ہوا تھا۔ معاہدہ توڑا تو یہ حکومت ہے کوئی مذاق نہیں۔

پرویز خٹک سے صحافی نے سوال پوچھا کہ مولانا نے وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کی بات کی ہے؟ جس پر وفاقی وزیر دفاع اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ نے طنزیہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلی کے خوابوں میں چھیچھڑے۔
 

Advertisement