اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ مولانا کی دلیری اور کاوش کو سلام پیش کرتا ہوں، جعلی حکومت سے جان چھڑانے کا وقت آگیا، پاکستان کی معیشت دم توڑ گئی ہے۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا آزادی مارچ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، تبدیلی پہلے نہیں اب آئی ہے، کنٹینر کی سیاست عمران خان نے شروع کی تھی، کنٹینر کی سیاست آج دفن ہوگئی ہے، ناداروں سے ادویات بھی چھین لی گئی ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا عمران خان ہمیں ڈینگی برادران کہتے تھے، ڈینگی کے دوران عمران خان کہیں نظر نہیں آتا، نواز شریف کے دور میں کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات دی جاتی تھیں، آج طلبا سے وظائف چھین لیے گئے، کاروبار ختم ہوگیا، وہ پاکستان بہتر نہیں تھا جس میں ڈینگی کا خاتمہ کیا گیا ؟ رواں سال 50 ہزارافراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا نواز شریف کے دور میں مہنگائی نچلی ترین سطح پر آگئی تھی، ایک کروڑ نوکریاں تو دور، آج لوگوں کو بے روزگار کر دیا ہے، وزیراعظم عمران خان مغرور، دل پتھر کا ہے، عمران خان جادو ٹونے سے حکومت چلا رہے ہیں۔
یاد رہے مرکزی قافلہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اتوار کی سہ پہر تین بجے شہر قائد سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا، کراچی سے چلا قافلہ حیدرآباد، مٹیاری، نوابشاہ، نوشہرو فیروز، خیرپور سے ہوتا ہوا سکھر پہنچا، جہاں پہلی رات پڑاؤ کیا، پیر کی صبح کارروان سکھر سے گھوٹکی، صادق آباد، رحیم یارخان اور اوچ شریف سے ہوتا ہوا ملتان پہنچا۔
منگل کو قافلے نے ملتان سے خانیوال، میاں چنوں ، چیچہ وطنی، ساہیوال، اوکاڑہ اور پتوکی سے لاہور کا رخ کیا، رات بسر کرنے کے بعد صبح قافلہ منزل کی طرف گامزن ہوا، زندہ دلان شہر سے قافلہ مرید کے، گوجرانوالہ، گجرات، کھاریاں، جہلم، گوجرخان پہنچا جہاں رات قیام کی، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور مقامی قیادت نے شہر شہر استقبال کیا، مولانا فضل الرحمان بھی پر جوش خطاب سے کارکنوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔
آزادی مارچ کے شرکا نے بھی مختلف انداز اپنائے، کسی نے سیلفی بنائی تو کوئی کرین پر چڑھ کر شہریوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا نظر آیا، جے یوآئی قیادت کنٹینر پر موجود رہی اور صلاح مشورے بھی ہوتے رہے۔