'بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ پر کرتار پور راہداری مکمل، مبارکباد پیش کرتا ہوں'

Last Updated On 03 November,2019 01:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، راہداری بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ پر مکمل کر لی گئی۔

وزیراعظم نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ کرتار پور راہداری پر سکھ یاتریوں کے خیرمقدم کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے ریکارڈ مدت میں راہداری مکمل ہونے پر منصوبے میں شامل اداروں کو مبارکباد بھی پیش کی۔

 

کرتارپور راہداری منصوبہ حقیقت بن گیا، پاکستان انڈیا زیرو پوائنٹ پر گیٹ نصب کر کے قومی پرچم لہرا دیا گیا ہے، سکھ یاتریوں کو کرتارپور لانے کیلئے بسیں بھی پہنچا دی گئیں، لنگر کیلئے 10 ایکڑ زمین پر سبزیاں کاشت کی جائیں گی۔ بڑے لنگر خانے میں اڑہائی ہزار سکھ یاتری ایک وقت میں کھانا کھا سکیں گے۔ بزرگ یاتریوں کیلئے علیحدہ منی گاڑیاں دستیاب ہوں گی۔ زیرو پوائنٹ پر الگ الگ گیٹس ہیں، بیرون ملک اور پاکستان سے آنے والے یاتری علیحدہ دروازوں سے داخل ہوں گے، کرتارپور میں نجی بینکوں کی مختلف برانچیں بھی کھول دی گئی ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم کے کرتار پور سے متعلق ٹویٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کسی مغالطے میں نہ رہیں، آپ کی حکومت یہ منصوبہ کرتی تو اس کا حشر بھی بی آر ٹی پشاور جیسا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کی شرط ختم کرنے کا مطلب انٹرنیشنل بارڈر کنٹرول کی شرط ختم کرنا ہے۔ یہ منصوبہ اول تا آخر ایف ڈبلیو او نے کیا ہے۔