اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرتارپور میں دنیا کے سب سے بڑے گردوارے کے فقید المثال افتتاح کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔ وفاقی حکومت نے سرحد پار سے نوجوت سنگھ سدھو کو افتتاحی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سینیٹر فیصل جاوید نے نوجوت سنگھ سدھو سے رابطہ کرکے انھیں 9 نومبر کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔
نوجوت سنگھ سدھو نے سینیٹر فیصل جاوید کے ذریعے بھجوائی جانے والی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت قبول کرلی اور کہا کہ اس تاریخی تقریب میں مدعو کرنے پر میں وزیراعظم پاکستان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔
نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ دنیا بھر کے سکھ اپنے روحانی پیشوا بابا گرونانک سے وابستہ مقام کی زیارت کے منتظر ہیں۔ کرتارپور کی تعمیر اور اس کے افتتاح نے سکھ مذہب کے کروڑوں پیروکاروں کو نہایت مثبت پیغام دیا ہے۔ میں 9 نومبر کی تقریب میں شرکت کی سعادت حاصل کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری کے موقع پر ملنے والی محبت اور مہمان نوازی کا لطف کبھی بھلا نہ پاؤں گا۔ کرتارپور امن ومحبت کی نئی علامت اور نئے پاکستان کا تحفہ ہے۔
اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ نوجوت سنگھ سدھو کرتارپور منصوبے کے اہم کرداروں میں سے ایک ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قوم اور حکومت اپنے مہمانوں کو "چشم ماہ روشن دل ماشاد" کا پیغام دے رہے ہیں۔ وزیراعظم 9 نومبر کو کرتارپور کے افتتاح سے تاریخ کا ایک نیا باب رقم کریں گے۔