لاہور: (دنیا نیوز) حکمران جماعت پی ٹی آئی لاہور کے صدر اور سیکرٹری جنرل کے انٹرویوز کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ صدارت کے لیے ایک درجن سے زائد امیدوار میدان میں آ گئے ہیں۔ تحریک انصاف سیکرٹریٹ میں امیدواروں کے حامی آمنے سامنے آ گئے، نعرہ بازی اور ہلڑ بازی کرتے رہے۔
کارکنوں نے ایسی ہڑبونگ مچائی کہ پی ٹی آئی پنجاب سیکرٹریٹ کے دروازے کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ سینیٹر ولید اقبال، ظہیر عباس کھوکھر اور مہر واجد لاہور کی صدارت کے لئے میدان میں ہیں۔
اعجاز ڈیال، غلام محی الدین دیوان اور میاں جاوید علی بھی صدارتی امیدوار بن گئے ہیں جبکہ میاں اکرم عثمان اور واسا کے وائس چیئرمین شیخ امتیاز بھی امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔
سیکرٹری جنرل کے لئے رکن پنجاب اسمبلی ندیم بارا بھی امیدوار ہیں جبکہ عرفان حسن، فرخ جاوید مون، فاروق خان اور عباس بوبی بھی سیکرٹری جنرل کے امیدواروں میں شامل ہیں۔
انٹرویوز پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے سیکرٹری جنرل شعیب صدیقی اور علی امتیاز وڑائچ پر مشتمل دو رکنی کمیٹی کر رہی ہے۔ 10 نومبر تک لاہور کی صدارت اور سیکرٹری جنرل کے امیدوار کے ناموں کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔