امید ہے اپوزیشن معاہدے کی پاسداری کرے گی، جہانگیر ترین

Last Updated On 03 November,2019 06:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ حکومت نے آزادی مارچ کو کہیں نہیں روکا، اپوزیشن کو معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے۔

رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین کا لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ہمیشہ بڑے بڑے نعرے لگاتے ہیں۔ سابق حکومت نے ملکی معیشت کے ساتھ جو کچھ کیا، اسے بہتر کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں جہانگیر ترین نے کہا تھا کہ آزادی مارچ کی فنڈنگ سے متعلق کافی اطلاعات ہیں، انھیں بڑی فنڈنگ ملی ہے۔ یہ تمام چیزیں پیسے کے بغیر نہیں ہو سکتیں۔ ہمیں معلوم ہے کہ فنڈنگ کہاں سے ہو رہی ہے، تاہم جے یو آئی (ف) کو فنڈنگ سے متعلق وضاحت دینی چاہیے۔ اخراجات سے متعلق ایک دن سوال اٹھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سوال اٹھیں گے، جے یو آئی کو فنڈنگ سے متعلق وضاحت دینی چاہیے: جہانگیر ترین

دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اب اکیلے ہیں، انھیں عوام میں پذیرائی حاصل نہیں ہے۔ آزادی مارچ میں کوئی مسئلہ نہیں چاہتے، اس لیے چپ ہیں۔ حکومت آزادی مارچ کیخلاف کوئی مزاحمت نہیں کرے گی۔ ہم چاہتے ہیں یہ لوگ اپنا جمہوری حق استعمال کریں۔ آزادی مارچ والے اسلام آباد میں مختص گراؤنڈ میں بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ انھیں کھلی چھٹی دی ہے، کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کریں گے۔ حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی لیکن شرپسند عناصر کیلئے حکومت کو تیار رہنا پڑتا ہے۔ ریڈ زون جانے والے راستے کنٹینرز سے بلاک کریں گے۔
 

Advertisement