اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ دھاندلی سے آنے والوں کو حکومت نہیں کرنے دیں گے۔
جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں، تمام سیاسی جماعتیوں کے رہنما ہر روز اپنا موقف کنٹینرز پر دیتے رہتے ہیں۔ آج اسمبلی میں جس طرح کی تقریریں کی گئیں لگتا نہیں کہ یہ مفاہمت چاہتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ جعلی اسمبلی کی قرار دادوں کی قانون میں کوئی حیثیت نہیں ہو گی۔ جعلی اسمبلی کی قانون سازی جعلی ہوتی ہے۔ موجودہ حکومت میں کوئی قانون سازی نہیں ہوئی، ایڈ ہاک ازم سے ملک نہیں چلتے، ایسے لوگوں کو ملک سے نکالنا ہو گا، ہم ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کا کہنا تھا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی آتی جاتی رہتی ہے، حکومتی کمیٹی کو کہا ہے کہ ہمارے پاس آنا ہے وزیراعظم عمران خان کا استعفی لیکر آنا۔ کمیٹی میں ہمارے موقف سمجھنے کی صلاحیت نہیں۔
آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ملک میں امن کیلئے بہت زیادہ قربانیاں دیں۔ ہماری قربانیاں اس لیے تھیں کہ ایسےلوگ حکمرانی کریں؟
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ دھاندلی سے آنے والوں کو حکومت نہیں کرنے دیں گے، ان کی پوری سیاست مخالفین کو چور کہنے پر قائم ہے۔ عمران خان امریکا میں بھی ہمیں گالیاں دیتے رہے
امیر جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ امریکا میں یو این اسمبلی اجلاس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جلسے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود شرکت کی۔ حکومت والے کشمیر کو بیچ چکے ہیں۔