اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے اپنے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے ایک اور اہم ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور دھرنے کے معاملے پر بات چیت کی گئی
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد پرویز الہیٰ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سب پرامید ہیں، چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں۔ بہت ساری تجاویز دی ہیں، امید ہے جلد نتیجہ نکلے گا اور خوشخبری آئے گی۔
ایک صحافی کے اس سوال پر کہ کیا مولانا فضل الرحمن وزیراعظم کے استعفیٰ کے مطالبہ سے پیچھے ہٹ گئے ہیں؟ اور کیا انھیں جوڈیشل کمیشن پر تیار کر لیا گیا ہے؟ پرویز الہیٰ نے کہا کہ جلد اچھی خبریں دینگے۔ مولانا جس بات پر راضی ہونگے، وہی بات ہوگی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا سب دعا کریں حتمی فیصلہ ہو جائے، انشاءاللہ اچھا نتیجہ نکلے گا۔ جب تک معاملہ حل نہیں ہوتا کوشش جاری رہے گی، ہماری طرف سے پوری کوشش جاری ہے کوئی کمی نہیں چھوڑنی۔
ادھر حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ایسا لگ رہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان 12 نومبر تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ ہمارا شہباز شریف اور دیگر افراد کے ساتھ رابطہ ہے۔ پرویز الہیٰ صرف بات کررہے ہیں، فیصلہ انہوں نے نہیں کمیٹی نے کرنا ہے۔