رہبر کمیٹی کیساتھ ڈیڈلاک وزیراعظم کے استعفیٰ اور جلد الیکشن پر ہے: پرویز خٹک

Last Updated On 07 November,2019 07:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ایسا ڈیڈ لاک نہیں کہ بات چیت ہی ختم ہے۔ ہماری ٹیم تمام پارٹیوں کے سربراہوں سے رابطے میں ہے۔ ملاقاتوں کا انشا اللہ نتیجہ ضرور نکلے گا۔

میڈٰیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر دھاندلی ہوئی ہے تو ثبوت دیں، بات آگے چلے گی۔ بغیر ثبوت کے آپ یہ نہیں کہہ سکتے کے وزیراعظم استعفی دیں۔ اس سے تو ایسا رواج بن جائیگا کہ ملک میں جمہوریت نہیں رہے گی۔ تحریک عدم اعتماد جب چاہیں لائیں۔

اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ایسا لگ رہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان 12 نومبر تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ ہمارا شہباز شریف اور دیگر افراد کے ساتھ رابطہ ہے۔ پرویز الہیٰ صرف بات کررہے ہیں، فیصلہ انہوں نے نہیں کمیٹی نے کرنا ہے۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد پرویز الہیٰ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سب پرامید ہیں، چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں۔ بہت ساری تجاویز دی ہیں، امید ہے جلد نتیجہ نکلے گا اور خوشخبری آئے گی۔

ایک صحافی کے اس سوال پر کہ کیا مولانا فضل الرحمن وزیراعظم کے استعفیٰ کے مطالبہ سے پیچھے ہٹ گئے ہیں؟ اور کیا انھیں جوڈیشل کمیشن پر تیار کر لیا گیا ہے؟ پرویز الہیٰ نے کہا کہ جلد اچھی خبریں دینگے۔ مولانا جس بات پر راضی ہونگے، وہی بات ہوگی۔
 

Advertisement