پاکستان کو امریکا کی کالونی بنا دیا گیا: فضل الرحمن

Last Updated On 09 November,2019 11:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کی کالونی کیساتھ ساتھ مغرب کا گروی بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ پاکستان جن مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا تھا کچھ بھی نہیں پایا۔

 

سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج آزادی مارچ سیرت کانفرنس میں تبدیل ہوا ہے، دنیا کو پیغام جا رہا ہے کہ پاکستان کے عوام حضورﷺ سے کس قدر محبت رکھتے ہیں، کسی کو ناموس رسالت سے کھیلنے کی ہمت نہیں ہو گی۔

 

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پچھلے سال نومبر میں پہلا ملین مارچ کراچی میں کیا تھا، پاکستان کو کالونی بنا دیا گیا ہے، نام ہم آزادی کا لیتے ہیں، پاکستان کوعملی طور پر امریکا کی کالونی کیساتھ ساتھ مغرب کا گروی بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ لاکھوں مسلمانوں نے ملک کے لیے قربانیاں دیں۔

امیر جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ خدا کے لیے ہمیں آئین و قانون میں رہنے دو۔ آج ہم بطور قوم کس کی پیروی کر رہے ہیں، پاکستان جن مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا تھا کچھ بھی نہیں پایا۔ ملک کو غلام بنا دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری کے افتتاح کے پیچھے کیا مقاصد ہیں؟ بھارت نے آج ہی بابری مسجد کا فیصلہ مسلمانوں کیخلاف دیا، یہ ہے ہمارے عقل مند حکمران؟ بھارت نے اسی وقت جواب دے دیا۔ اللہ دین اسلام کو فتح نصیب فرمائے، ہم دنیا میں سر اٹھا کر عزت والی قوم بننا چاہتے ہیں، ملک کا مستقبل ٹھیک اور روشن کرنا ہے۔