پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان میں پہلی بار خیبر پختونخوا کے 5 دریاؤں اور 2 نالوں پر پانی کی نگرانی کا خود کار ڈیجیٹل ٹیلی میٹری سسٹم نصب کر دیا گیا۔ منصوبے پر 6 کروڑ روپے کی لاگت آئی، سیلابی صورت حال میں عوام کو بر وقت محفوظ مقامات پر منتقل کر نا ممکن ہو گیا۔
محکمہ ریلیف بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبے کے 5 دریاؤں اور 2 نالوں پر خود کار ڈیجیٹل ٹیلی میٹری سسٹم نصب کر دیا گیا ہے، سسٹم کی تنصیب سے سیلابی صورت حال سمیت کسی بھی ہنگامی صورت حال میں عوام کو بر وقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاسکے گا۔
خود کار ڈیجیٹل میٹری سسٹم امریکہ سے درآمد کیا گیا ہے، جسے کمپیوٹر اور موبائل فون سے کسی بھی وقت کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ اس منصوبے پر 6 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے، تمام سنسرز اور کنٹرول سٹیشن کو شمسی توانائی سے بجلی فراہم کر دی گئی ہے۔
خودکار ٹیلی میٹری سسٹم سٹیشنز دریائے سوات، کابل، پنجکوڑہ، منڈا ہیڈ ورکس، کلپانی اور بڈھنی نالہ کے مقام پر نصب کئے گئے ہیں جبکہ کنٹرول سٹیشنز کو انٹرنیٹ کے ذریعے تمام متعلقہ محکموں سے بھی منسلک کر دیا گیا ہے، شہریوں نے بھی محکمہ ریلیف کے اس اقدام کو سراہا۔
ڈیجیٹل سسٹم سے پانی کے بہاؤ سے متعلق پیغامات پی ڈی ایم اے، محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ کو موصول ہوں گے۔