اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ پر بلا اشتعال گولہ باری اور نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کے غزہ میں جارحانہ اقدامات اور عالمی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان یقین رکھتا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا مستقل حل آزاد ریاست کا قیام ہے۔ بین الاقوامی قواعد اور 1967ء سے پہلے کی سرحد بندی کے مطابق فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے۔
ادھر اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر دوبارہ بمباری کر دی ہے جس کے نتیجے میں دو فلسطینی زخمی ہو گئے۔ حماس نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے پر عمل نہیں کیا تو حماس بھی مزاحمتی تنظیم جہادِ اسلامی کے ہمراہ اسرائیل پر راکٹ حملوں کا آغاز کر دے گی۔