لاہور: (دنیا نیوز) کامیاب جوان یوتھ پروگرام کے تحت آئندہ ماہ سے قرض کی تقسیم کا عمل شروع ہو رہا ہے، معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ منصوبے کی کامیابی کے لئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
حکومت کا نوجوانوں کو با اختیار بنانے کا مشن، کامیاب جوان یوتھ پروگرام کے تحت آئندہ ماہ سے اپلائی کرنے والوں کو میرٹ کی بنیاد پر قرض کی تقسیم شروع ہو جائے گی جبکہ دوسرے مرحلہ کا آغاز دو ماہ کے اندر کر دیا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھی مشترکہ اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں معاون خصوصی عثمان ڈار نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی جس میں نوجوانوں کو با اختیار بنانے میں صوبائی سطح پر کوششوں میں تیزی لانے پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وفاق کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو کامیابی کے مزید مواقع فراہم کریں گے۔ کامیاب جوان پروگرام حکومت کا نوجوانوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ اس موقع پر عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سرپرستی میں نوجوانوں کے لئے بڑے فیصلے کئے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ نوجوان کاروبار کے میدان میں کامیاب ہوں۔