لاہور: (دنیا نیوز) نیب نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کرپشن کیس میں سینئر بیوروکریٹ وسیم اجمل کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 20 کے افسر وسیم اجمل کو نیب لاہور نے ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا، وسیم اجمل پر حکومتی خزانہ کو ایک ارب کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اجمل نے خاکروب کی بھرتیوں پر ایک ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کروائیں۔
نیب ذرائع کے مطابق وسیم اجمل نے 2014 میں میسرز البیراک کو ویسٹ مینجمنٹ کا انتہائی مہنگے داموں ٹھیکہ دیا، وسیم اجمل نے جعلی ایگزیمپشن کے طور پر 96 ہزار امریکی ڈالرز کی چھوٹ بھی دی۔ وسیم اجمل نے کمپنی سیکرٹری کی پوسٹ پر غیر قانونی بھرتی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
وسیم اجمل کو جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وسیم اجمل کو اس سے پہلے صاف پانی کمپنی سکینڈل میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔