لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں میگا کرپشن کیسز کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے میگا کرپشن کیسز پر چیئرمین کو بریفنگ دی۔ نیب اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز شریف کے کیسز اور چودھری شوگر ملز کیس میں جاری تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔ راؤنڈ روڑ کی تعمیر کیس میں نواز شریف اور شہباز شریف کے کیسز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب میں چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ میں نیب نے 71 ارب روپے خزانے میں جمع کرائے جبکہ اسحاق ڈار کیخلاف تحقیقات میں 50 کروڑ کی رقم بینک اکاؤنٹس سے برآمد کرتے ہوئے اسے پنجاب حکومت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب نے بتایا کہ اسحاق ڈار کا گلبرگ میں 4 کنال کا گھر حکومت کے سپرد کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال نے نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے 2 سال میں ریکارڈ ریکوری کی۔ انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ نیب افسران کی کسی سیاسی جماعت یا گروہ سے وابستگی نہیں، فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔