اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکی کانگریس کمیشن کی مقبوضہ وادی کے حوالے سے حالیہ رپورٹ اہم ہے، رپورٹ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا بتایا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر سیل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے کاوشوں کا جائزہ لیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج بھارت کے سفاکانہ طرزعمل کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس کمیشن کی مقبوضہ وادی کے حوالے سے حالیہ رپورٹ اہم ہے، رپورٹ میں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا بتایا گیا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ عالمی تنظیمیں اور میڈیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھا رہا ہے، بھارت سے کشمیریوں کا محاصرہ ختم کرنے اور انسانی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی معاونت جاری رکھے گا۔