پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں ٹریفک پولیس کے ای چالان سسٹم سے شہریوں کی شکایات کا ازالہ بھی فی الفور ممکن ہوگا۔
تفصیل کے مطابق پشاور کے شہریوں کو اب روایتی چالان بک سے نجات مل جائے گی کوینکہ ٹریفک وارڈن پولیس نے ڈیجیٹل چالان متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں ستر سے زائد اہلکاروں کی خصوصی تربیت بھی شروع کر دی گئی ہے۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو موبائل ایپ کے ذریعے چالان دیا جائے گا۔ ایپ میں خلاف ورزی کرنے والوں کا ڈیٹا بھی ریکارڈ ہوگا۔ ایس ایس پی ٹریفک کہتے ہیں ڈرائیوروں کو چالان سے متعلق ایس ایم ایس بھی موصول ہوگا۔
شہریوں نے بھی ای چالان کے سسٹم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری میں بھی اضافہ ہوگا۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق سسٹم کودور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے سے کرپشن کی شکایات کابھی خاتمہ ہوگا۔