فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے اراضی ریکارڈ سینٹرز کے ملازمین کی جانب سے گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہڑتال کی وجہ سے سائلین دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں جبکہ حکام ہڑتال ختم کروانے میں بھی ناکامی کا شکار ہیں۔
فیصل آباد میں کبھی وکلاء کی ہڑتال تو کبھی اراضی ریکارڈ سینٹرز کے ملازمین کا احتجاج۔ فرد اور رجسٹری کا حصول شہریوں کے لئے وبال جان بن گیا۔ ملازمین کو مستقل کرنے، تنخواہوں میں اضافے سمیت دیگر مطالبات کے حصول کیلئے پنجاب بھر کے لینڈ ریکارڈ سینٹرز کے ملازمین گزشتہ 14روز سے ہڑتال پر ہیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ملازمین سے مذاکرات کی بجائے ضلعی انتظامیہ نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کو عارضی طور پر تعینات کرتے ہوئے اراضی سینٹرز فعال کرنے کی کوشش تو کی مگر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔
معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈویژن کا کہنا ہے کہ سسٹم کے پاسورڈ اور آئی پیز نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں۔
اراضی سینٹرز کی بندش سے نہ صرف سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ریونیو کولیکشن کم ہونے سے سرکاری خزانہ بھی خسارے کا شکار ہے۔