لاہور: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے غداری کیس کا فیصلہ موخر کرنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی ہے۔ فل بنچ منگل کو پرویز مشرف اور وزارت داخلہ کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی سماعت کریں گے۔ تین رکنی خصوصی بنچ دوپہر 12:30 بجے غداری کیس پر سماعت کرے گا۔
سنگین غداری کیس کا فیصلہ روکنے کے لیے وفاقی وزارت داخلہ اور سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کی تھیں۔
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نئی پراسیکیوشن ٹیم کی تعیناتی تک خصوصی عدالت کو کارروائی سے روکا جائے اور فیصلہ محفوظ کرنے کا حکم نامہ بھی معطل کیا جائے۔
دوسری درخواست میں سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل نے استدعا کی ہے کہ ان کے موکل کو صفائی کا موقع ملنے تک خصوصی عدالت کی کارروائی معطل کی جائے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے 19 نومبر کو خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو 28 نومبر کو سنایا جائے گا۔
عدالت نے وکیل صفائی کی جانب سے التوا کی تیسری درخواست مسترد کر دی تھی۔ عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا تھا کہ 25 دن کا وقت گزرنے کے باوجود سیکرٹری داخلہ استغاثہ کی نئی ٹیم بنانے میں ناکام رہے۔