کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے آغا سراج درانی اور دیگر کی ضمانت سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے نیب کی تفتیش انتہائی ناقص اور افسوسناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے آغا سراج درانی اور دیگر کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا اگر آغا سراج کے اجداد کے اثاثے ہوتے تو ان کے نام منتقل ہوتے۔ آغا سراج نے وزیر بلدیات بننے کے بعد سارے اثاثے بنائے۔ الیکشن کمیشن اورایف بی آرکوکبھی خاندانی اثاثوں کی تفصیل پیش نہیں کی گئی۔
اس پر عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایسے یہ نظام نہیں چلتا، بیشتر کھاتے منتقل نہیں ہوتے۔ نیب کی تفتیش انتہائی ناقص اور افسوسناک ہے۔ اگر ہم نے آپ کو ڈانٹا ہے تو صرف ملک اور نیب کی بہتری کیلئے، ہمارے لئے شہریوں کا احترام بھی اہم ہے، تفتیش میں کسی کی تضحیک نہیں ہونی چاہیے۔