کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آصف زرداری چھ ماہ سے جیل میں ہیں، کوئی کیس نہیں بنا۔ یہ نہیں کہتے باہر بھیجیں لیکن سابق صدر کے ذاتی معالج کو میڈیکل بورڈ میں شامل کیا جائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار جرم سندھ اور ٹرائل کسی اور صوبے میں ہو رہا ہے۔ یہ انوکھے انصاف کے پیمانے پیپلز پارٹی کے لیے کیوں چنے جاتے ہیں؟ آصف زرداری اور فریال تالپور کے الزامات کا تعلق سندھ سے ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ زرداری، فریال تالپور اور خورشید شاہ کے خلاف الزامات کا ابھی ٹرائل شروع نہیں ہوا۔ اگر کوئی سودے بازی کرنا ہوتی تو اتنی مشکلات برداشت نہ کرتے۔ کیسوں کا قانون کے مطابق انصاف ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ تھر میں ہر ہلاکت کو غذائی قلت کی وجہ نہیں بتانا چاہیے۔ ہسپتالوں میں بعض بچوں کو زیادہ تشویشناک حالت میں لایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی کے ہسپتال کو پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے۔