اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے بیرون ملک سے ایک موبائل فون لانے والے صارفین سے رجسٹریشن فیس وصول نہ کرنے کی سفارش کردی۔ ایف بی آر حکام کہتے ہیں رجسٹریشن کے باعث موبائل فونز کی درآمد میں اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے موبائل رجسٹریشن فیس کی مخالفت کر دی ہے جبکہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی رجسٹریشن فیس ختم کرنے کی حامی ہے تاہم ایف بی آر حکام کا موقف ہے کہ رجسٹریشن کے باعث موبائل فون کی درآمدات میں اضافہ ہوا۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹی میں سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ بیرون ملک سے سٹوڈنٹس کو ایک موبائل فون لانے کی اجازت ہونی چاہیے۔ کسٹمز حکام اگر سمگلنگ والا ایک کنٹینر پکڑ لیں گے تو چار لاکھ افراد کی ڈیوٹی ادا ہو جائے گی۔
کسٹمز حکام نے بتایا کہ کمرشل درآمد اور ذاتی استعمال کے لئے موبائل فیس کم کر دی ہے۔ 2018ء میں 1 کروڑ موبائل فونز کی درآمد سے 28 ارب 80 کروڑ روپے ٹیکس حاصل ہوا جبکہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 67 لاکھ موبائل فونز کی درآمد سے 15 ارب روپے ٹیکس وصول ہو چکا ہے۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ رواں سال موبائل فونز کی درآمدات میں 49 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا اکتوبر موبائل فونز کی درآمدات 38 کروڑ 77 لاکھ ڈالر رہیں۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ درآمدات 26 کروڑ ڈالر تھیں۔