پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخابات کیلئے ووٹنگ جاری ہے، پاکستان تحریک انصاف کے ذیشان خانزادہ اور اپوزیشن کے حمایت یافتہ پیپلز پارٹی کے امیدوار فرزند علی کے مابین مقابلہ ہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں پولنگ 4 بجے تک جاری رہے گی، 145 ایم پی ایز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ کے پی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 96، ایم ایم اے کے 18، اے این پی کے 12، ن لیگ کے 6، پی پی پی 5، آزاد 6 اور ق لیگ کا ایک ممبر ہے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے 5 ممبران ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی نے پیپلز پارٹی کے جرگہ کے بعد انتخابات سے اپنا امیدوار دستبردار کرانے اور پی پی امیدوار کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
نشست پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر خانزادہ خان کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ تحریک انصاف کے ذیشان خانزادہ مستعفی ہونے والے سینیٹر خانزادہ خان کے فرزند ہیں۔ سیٹ جیتنے کے لئے ایوان میں اکثریتی ووٹ لینے والا کامیاب امیدوار ہوگا۔