کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں صدر ایمپریس مارکیٹ، ہائی کورٹ، سٹی کورٹ، شاہراہ فیصل، طارق روڈ سمیت اہم مقامات اور مصروف شاہراہوں سے تجاوزات کا صفایا کر دیا گیا۔
سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی میں تجاوزات کے خلاف بھرپور ایکشن لیا گیا۔ پولیس بھی تجاوزات مافیا کو رعایت دینے کے بجائے کارروائی پر مجبور ہوگئی۔ مئیر کراچی کا کہنا تھا مسلسل اقدامات سے تجاوزات پر بڑی حد تک قابو پایا ہے، سڑکیں کشادہ ہونے سے ٹریفک کی روانی میں بہتری اور شہریوں کو آسانی ہوئی ہے۔
شہر میں مثبت تبدیلی کو قابل تحسین تو قرار دیا جارہا ہے مگر شہری پتھارے لگانے والوں کیلئے متبادل روزگار کیلئے اقدامات پر بھی زور دے رہے ہیں۔ ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ، سٹی کورٹ، مرکزی بازاروں سمیت اہم و مصروف مقامات پر عرصہ سے قائم تجاوزات کا صفایا کیا، جس میں پولیس نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
آپریشن کے دوران زیر حراست سینکڑوں افراد کو تجاوزات نہ لگانے کی تحریری یقین دہانی پر رہا کیا گیا، مزاحمت پر دس سے زائد مقدمات بھی درج کئے گئے۔