اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سری لنکا کے صدر، وزیراعظم اور ہم منصب سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے ہیں۔ وزیر خارجہ حالیہ انتخابات کے نتیجے میں برسر اقتدار آنے والی سری لنکا کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
شاہ محمود قریشی سری لنکا کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ، سری لنکا کی نئی قیادت کو وزیراعظم عمران خان کی طرف سے تہنیتی پیغام بھی پہنچائیں گے۔
وزیر خارجہ کے سری لنکا پہنچنے پر ایڈیشنل سیکرٹری نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔