کراچی: گرین لائن منصوبے کی کھدائی کے دوران تھیلوں سے انسانی ہڈیاں برآمد

Last Updated On 04 December,2019 01:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کےعلاقے ناظم آباد نمبر تین کے قریب کھدائی کے دوران انسانی ہڈیاں برآمد ہوئیں، پولیس نے دعوی کیا ہے کہ نجی ہسپتال کی جانب سے ہڈیاں دفن کی گئیں، ہسپتال انتظامیہ نے پولیس کے بیان کی فوری تردید کر دی۔

کراچی میں بوری بند لاشوں کے بعد تھیلوں سے انسان ہڈیاں برآمد ہونے لگیں، ناظم آباد انو بھائی پارک سے متصل فٹ پاتھ پر بڑی تعداد میں ہڈیاں دفن پائی گئیں، انسانی ہڈیاں گرین لائن منصوبے کی کھدائی کے دوران مزدوروں کو ملیں۔

زیر زمین ہڈیوں کی اطلاع ملتے ہی پولیس حرکت میں آئی اور دعوی کر دیا کہ برآمد ہونے والی ہڈیاں نجی ہسپتال کی جانب سے دفنائی گئی تھیں۔ پولیس نے ہسپتال پر ملبہ ڈال کر معاملہ نمٹانے کی کوشش کی تو ہسپتال انتظامیہ نے پولیس کے موقف کی تردید کرنے میں دیر نہ کی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا معاملہ پر کہنا ہے کہ موجودہ دور میں میڈیکل اسٹوڈنٹس مصنوعی ڈیڈ باڈیز پر پریکٹیکل کرتے ہیں، ہڈیاں ماضی میں دفنائی گئیں۔

انسانی ہڈیاں کس نے دفن کیں؟ پولیس کی ناقص تفتیش نے ایک بار پھر شہریوں کو شکوک و شہبات میں ڈال دیا ہے۔