اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 'کامیاب جوان پروگرام' مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت ہے، پروگرام کے تحت تمام قرض میرٹ پر دیئے جائیں گے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا نوجوانوں کو قرض کی فراہمی کا آغاز وزیر اعظم کا عہد کی پاسداری کی جانب عملی قدم ہے، لاکھوں نوجوانوں کی قرض کے حصول میں دلچسپی عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان پر اعتماد ہے، معاشرہ میرٹ کو فروغ دے کر ہی فلاح اور ترقی پائے گا، منصوبے کے تحت قرض حاصل کرنے والے نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اس کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت اور کاروبار کرنے والے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے، حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے مشن پر کاربند ہے۔